پارلیمان میں وزیراعظم نے بھارت کا حقیقی انتہاپسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا:فردوس عاشق
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمان میں وزیراعظم نے بھارت کا حقیقی انتہاپسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا،مظلوم کشمیری پاکستان کی پارلیمان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مظلوم کشمیری پاکستان کی پارلیمان کی طرف دیکھ رہے ہیں، امید ہے اپوزیشن مشترکہ اجلاس کو سیاست کے لئے استعمال نہیں کرے گی، وزیراعظم عمران خان نے پارلیمان میں کشمیریوں کی جائز اور قانونی حق کی ترجمانی کی۔انہوں نے بھارت کا حقیقی انتہاپسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔وزیراعظم نے دنیا کو باور کرایا کہ کشمیر ایک بنیادی تنازعہ ہے جس کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ایک خواب رہے گا۔ امید کرتے ہیں کہ اپوزیشن ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے اجلاس کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرے گی ،کشمیر ہمارا مشترکہ اور قومی کاز ہے۔پارلیمان کی قراردار پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمان اور کشمیریوں کے جذبات کی عکاس ہوگی۔