5 سالوں میں ملک کو تبدیل کرنا ہے، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے، اقتدار ذات کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کرنی ہے:عمران خان
تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں خرچے کم کرنا ہوں گے، ایک کمیٹی بنائیں گے جو صدر، وزیراعظم اور وزراء کے خرچے کم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت غربت ہے اور 50 فیصد پاکستانی دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے، اقتدار ذات کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 سالوں میں اس ملک کو تبدیل کرنا ہے اور قربانیوں کے بغیر تبدیلی نہیں آسکتی۔خیبرپختونخوا میں مزید کام کرنا ہے اور بلدیات میں مزید اصلاحات لانی ہیں، تعلیم کے شعبے میں مزید کام کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ اور وزیروں کا انتخاب میری ذمہ داری ہے لہذا سب کچھ میرٹ پر ہوگا اور سب لوگوں کا احتساب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سب وزیروں کو ٹارگٹ دیں گے اور وزیروں کو 9 بجے دفتر پہنچنا ہوگا، پرویز خٹک نے بڑی مشکل سے حکومت چلائی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کسی چیز کو مخفی نہیں رکھا جاسکتا، تمام منتخب ارکان احتیاط سے حکومت کے معاملات چلائیں اور دل میں خوف خدا رکھ کر شب و روز کام کریں۔