مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے این  اے 249 کے انتخابی نتائج سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیئے

Aug 07, 2018 | 13:55

ویب ڈیسک

 پاکستان مسلم لیگ ( ن )کے صدر شہباز شریف نے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر تے ہوئے فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں شہباز شریف کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن مہم کے دوران فیصل واوڈا کے لیے ماحول ساز گار بنایا گیا، قانون نافذ کرنے والے ادارے میرے بینرز اور پوسٹرز اتارتے رہے جب کہ الیکشن مہم میں مدمقابل فیصل واوڈا کے بینرز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی نہیں اتارے گئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے دن ان کے جماعت کو کئی شکایات موصول ہوئیں، ان کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا اور پولنگ ایجنٹس کو سادہ کاغذ پر نتائج دیے گئے جب کہ گنتی کے لیے ریٹرنگ افسر نے درخواست مسترد کردی، دوبارہ گنتی سے متعلق ریٹرنگ افسر کا اقدام غیر قانونی ہے۔ شہباز شریف نے درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو تمام ریکارڈ محفوظ بنانے اور افسر کو دوبارہ گنتی کرنے کی ہدایت دی جائے جب کہ فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔

۔

مزیدخبریں