بنی گالہ تجاوزات کیس:عمران خان وزیراعظم بن رہےوہ خود اس معاملے کو دیکھیں،دوسروں کےلیےمثال بنیں، چیف جسٹس
سپریم کورٹ نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں سرویئر جنرل آف پاکستان کو 6ہفتوں میں کورنگ نالے کا سروے مکمل اور محکمہ مال سیکرٹری کو سروے جنرل آفس کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ میں اسلام آباد کے نواحی علاقے بنی گالہ میں تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سرویئر جنرل آف پاکستان کو 6ہفتوں میں کورنگ نالے کا سروے مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بن رہے ہیں وہ خود اس معاملے کو دیکھیں عمران خان خود اس معاملے میں درخواست گزار تھے۔ عمران خان کو دوسروں کے لئے مثال بننا چاہئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نئی حکومت کو بنی گالہ تجاوزات کا معاملہ حل کرنے دیا جائے۔ بابر اعوان نے بتایا کہ یقین دلاتا ہوں وزیراعظم لوگوں کے لئے مثال بنیں گے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بنی گالہ میں تجاوزات کے معاملے پر دفعہ 144نافذ ہے چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان بنی گالہ کے مسائل حل کرلیتے ہیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ سپریم کورٹ نے محکمہ مال سیکرٹری کو سروے جنرل آفس کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بنی گالہ کیس عمران کان کے لئے ٹیسٹ کیس ہوگا۔ (ن غ)