حج آپریشن آخری مراحل میں ہے، چند نوسرباز جعلی حج فارم فروخت کرنے میں ملوث ہیں،وزارت مذہبی امور کا انتباہ
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت مذہبی امور کی جانب سے عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ سرکاری سکیم میں تمام عازمینِ حج کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے اور حج آپریشن اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ پیر کو وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزارت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ چند نوسرباز عناصر حج پر جانے کے خواہشمند سادہ لوح افراد کو حج پر روانگی کا جھانسہ دے کر مارکیٹ میں جعلی حج فارم فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ وزارت نے اس جعل سازی اور دھوکہ دہی کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کیلئے ان کا کیس ایف آئی اے کو بھجوا دیا ہے۔ عوام الناس کو مزید ہدایت کی جاتی ہے کہ ایسے عناصر کے جھانسے میں مت آئیں اورایسے جعل سازوں کے بارے میں وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری کو فون نمبر اور فیکس کے ذریعے فوراً اطلاع کریں تاکہ مزید افراد دھوکہ دہی اور فراڈ سے بچ سکیں۔ واضح رہے کہ ایسے فارم خریدنے والے اشخاص بھی جعل سازی میں ملوث تصور کئے جائیں گے۔