دھرنا‘ احتجاجی سیاست کرنیوالوں کو ملکی ترقی عزیز ہے نہ عوام کی خوشحالی : شہباز شریف

07 اگست 2016
دھرنا‘ احتجاجی سیاست کرنیوالوں کو ملکی ترقی عزیز ہے نہ عوام کی خوشحالی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 3 برس کے دوران وطن عزیز کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام جان چکے ہیں کہ انکی بے لوث خدمت کون کررہا ہے اور انتشار کی سیاست کون۔ آئندہ دو برس میں عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اورآئندہ دو برس میں بجلی کے کارخانے چلنے سے لوڈشیڈنگ کا بہت حد تک خاتمہ ہوجائیگا۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں جب پاکستان ترقی اورخوشحالی کے سفر کی جانب گامزن ہے تو ایک بار پھردھرنا دینے والے اور احتجاجی سیاست کرنے والے اس سفر کو روکنے کے درپے ہیں کیونکہ دھرنا دینے والوں اوراحتجاجی سیاست کرنے والوں کوملک کی ترقی عزیز ہے نہ عوام کی خوشحالی۔ عوام نے احتجاج کرنے والوں کی منفی سیاست کو پہلے بھی یکسر مسترد کیا اور آئندہ بھی مسترد کریں گے‘ احتجاج کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش پاکستان کے عوام کے ساتھ کھلی دشمنی کے مترادف ہے‘ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی منصوبوںپر دن رات کام کیا جارہا ہے۔ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں احتجاجی یا منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں‘ یہ وقت اتحاد اوراتفاق کا ہے۔ ذاتی مفادات کی خاطرترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والے ہوش کے ناخن لیں۔ دریں اثنائ￿ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری قدامات اٹھائے جائیں۔ مشتبہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مویشی منڈیوں کی خصوصی سکریننگ کرتے ہوئے جراثیم کش سپرے کیا جائے‘ جنوبی پنجاب کے اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قومی ادارہ سینٹ 44 برس سے وفاق اور وفاقی اکائیوں کے حقوق کا تحفظ کر رہا ہے۔ سینٹ کے 44 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سینٹ نے آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کے تسلسل میں اہم کردار ادا کیا۔
شہبازشریف