سینٹ میں جمع رپورٹ کے مطابق پرویز خٹک انکے بھائی جاوید خٹک اور ریاض خٹک بھی تحریک انصاف کے قرضے معاف کرانے والے رہنمائوں میں شامل ہیں: آئی این پی

07 اگست 2016

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے، انکے بھائی جاوید خٹک اور ریاض اللہ خٹک قرضے معاف کرانے والے پی ٹی آئی رہنمائوں کے نامور کلب میں شامل ہو گئے ۔ سینٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پرویز خٹک اور انکے بھائی کا ایک کمپنی حافظ آباد سٹرا بورڈ ملز لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کے طور پر ذکر کیا گیا ہے جنہوں نے 1997-98ء میں انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بینک آف پاکستان سے لئے گئے 54.6ملین کے قرضے معاف کرائے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ معاف کرائے جانے والے قرضوں کی تفصیلات سینٹ میں تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کے سوال کے جواب میں وزارت خزانہ کی طرف سے جاری دستاویزات میں سامنے آئی ہیں ۔