بلوچستان کے جوانوں نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا: کمانڈر سدرن کمانڈ

07 اگست 2016

کوئٹہ (آن لائن) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ مجھے بلوچستان کے نوجوانوں پر فخر ہے کہ جنہوں نے کبھی ہمیں مایوس نہیں کیا، انہیں جس فیلڈ میں بھی موقع فراہم کیا گیا انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب اسٹیڈیم میں سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، صوبائی وزیر کھیل مجیب الرحمان محمد حسنی سمیت اعلیٰ فوجی وسول افیسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں دیگر مشاغل کے ساتھ ساتھ یونین کونسل سے لیکر ڈویژنل لیول اور صوبے کی سطح پر کھیلوں کا انعقاد بڑی خوش آئند بات ہے، اس سے نوجوانوں میں میں کھیلوں کا شوق، جیت کی لگن اور مقابلے کی فضا قائم ہوئی ہے۔ آپکے چہروں پر مسرت اور آنکھوں میں چمک مقابلوں کے دوران آپ کے جیت کے شوق کی غماز ہے۔ اس بار بھی عوام کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور نیا ٹیلنٹ بھی ابھر کر سامنے آئیگا۔