مسائل کا حل دھرنے نہیں مذاکرات ہیں: سپیکر قومی اسمبلی

07 اگست 2016

لاہور ( خصوصی رپورٹر ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف ریفر نس مل چکا ہے، آئین وقانون کے مطابق ہی فیصلہ کیا جا ئیگا، انکے خلاف پہلے بھی ایک ریفر نس خارج ہو چکا ہے،ملک اور پار لیمنٹ کو مضبوط کر نے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کر نا چاہیے ‘احتجاج او ر دھرنوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے ‘بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کیلئے اسمبلی کے دروازے کھلے ہیں وہ جب مر ضی وہاں آسکتے ہیں ۔ ہفتے کو میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے عمران خان کیخلاف جو ریفر نس مجھے دیا ہے اس کا لیگل ٹیم مکمل جائزہ لے رہی ہے۔ پاکستان کی مضبوطی ہی ملک اور جمہوریت کی مضبوطی ہے اور ملک میں جو بھی معاملات ہیں ان کو کسی دھرنے اور احتجاج سے نہیں صرف مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے اور میں نے ہمیشہ مسائل کو حل کر نے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔