سٹاک مارکیٹ: آئندہ ہفتے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد پر کاروبار میں تیزی کا امکان

07 اگست 2016
سٹاک مارکیٹ: آئندہ ہفتے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد پر کاروبار میں تیزی کا امکان

کراچی (مارکیٹ رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران مندے پر 100 انڈیکس 138.61 پوائنٹس کمی پر 4 بالائی حدودسے گر کر 39390.21 کی نچلی سطح پر بند رہا۔ ہفتے کے دوران سرمایہ کاری مالیت میں 15 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد کمی رہی۔ ہفتے کے دوران سیاسی حالات میں غیر یقینی کیفیت ‘ غیر ملکی سرمایہ کا متواتر انخلاء اور کئی گردش اطلاعات کے باعث سرمایہ کاروںنے سرمایہ کاری سے محتاط ہو کر بیشتر حصص کی منافع کے حصول میں کم داموں پر خرید وفروخت کرکے اپنے پھنسے ہوئے سرمایہ کے انخلاء میں سرگرداں رہے۔ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 1911 کمپنیوں تک رہا جس میں 940 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ ‘ 852 کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی اور 119 کمپنیوں کی قیمتوں میںاستحکام رہا۔ ہفتے کے دوران مجموعی مارکیٹ کیپٹل 15 ارب 71 کروڑ 94 لاکھ 95 ہزار 677 روپے کی کمی پر مجموعی مارکیٹ سرمایہ کاری مالیت 78 کھرب 171 ارب 13 کروڑ 68 ہزار 119 روپے ہوگئی۔ ہفتے کے دوران کاروباری سرگرمی 20 کروڑ حصص سے زائد ریکارڈ کی گئی اور مجموعی سودوں میں ایک ارب 42 کروڑ 46 لاکھ 89 ہزار 640 حصص کے کاروبار میں زائد لین دین ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں 2 روزہ تیزی اور 3 روزہ مندا ریکارڈ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد پرکاروبار تیزی پر آنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں انڈیکس 40,000 کی ریکارڈ تاریخی سطح پرپہنچ جائے گا۔