قائد اعظم لائبریری میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے اشتراک سے یوم آزادی تقریبات جاری

07 اگست 2016

لاہور(کلچرل رپورٹر)قائد اعظم لائبریری میں پنجاب آرکائیوز لاہور، نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور پنجاب پبلک لائبریری کے اشتراک سے تقریبات بسلسلہ یوم آزادی پاکستان جاری ہیں۔ جس میں تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر و تاریخی کتب و دستاویزات اور تصاویر کو نمائش کے لئے پیش کیاگیا۔ افتتاحی تقریب گذشتہ روزقائداعظم لائبریری کے اقبال ہال میں منعقد ہوئی اور یہ سلسلہ 14اگست تک صبح 9بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی چئیرمین تحریک انصاف ورکرز ٹرسٹ جسٹس محبوب احمد نے کیا۔ڈائریکٹر جنرل پبلک لائبریریز پنجاب ڈاکٹر ظہیر احمد بابر، ڈائریکٹر پنجاب آرکائیوز محمد عباس چغتائی، مسز سلمیٰ رانا ورکنگ لائبریرین قائد اعظم لائبریری،حافظ محمد توفیق ڈائریکٹر پنجاب پبلک لائبریریز،عابد علی گل ممبر بورڈ آف گورنر پنجاب پبلک لائبریریزلاہور، سینئیر لائبریرین پنجاب پبلک لائبریری عبدالغفور سمیت بڑی تعداد میںمختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔ جسٹس (ر) محبوب احمد نے بتایا کہ جولوگ خود کو قائد اعظمؒ سے تشبہیہ دیتے ہیں نہایت جھوٹے اور دوغلے لوگ ہیں۔نمائش میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے بھی سٹالز لگا ئے گئے ہیں۔