حافظ آباد اور اوکاڑہ میں گھریلو ناچاقی پر خاتون سمیت 2 افراد کی خودکشی

07 اگست 2016

حافظ آباد+ اوکاڑہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) گھریلو ناچاقی پر 4 بچوں کی ماں سمیت 2 افراد نے خودکشی کرلی۔ تفصیل کے مطابق حافظ آباد میں بھون خورد کے عبدالرشید کی بیٹی رخسانہ کوثر کی شادی 15 سال قبل چک بھٹی کے رہائشی محمد ادریس کے ساتھ ہوئی جس کے بطن سے چار بچے ہوئے۔ گذشتہ کئی ماہ سے میاں بیویکے مابین ناراضی چلی آرہی تھی، رخسانہ کوثر نے چک بھٹی سے اپنے میکے بھون خورد آکر رہنا شروع کردیا۔ گذشتہ روز رخسانہ کوثر کے والد عبدالرشید نے اسے واپس چک بھٹی جانے کو کہا تو رخسانہ نے مشتعل کر قریبی نہر میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ ریسکیو 1122کا عملہ نعش کی تلاش میں مصروف ہے۔ علاوہ ازیں اوکاڑہ قصبہ حویلی کے محلہ ترسنگی کے رہائشی بلبل کا کسی گھریلو معاملہ پر بیوی سے توتکرار ہو گئی جس سے بلبل دلبرداشتہ ہوگیا اور اس نے قریبی کھیتوں میں جاکر خود کو پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔