جشن آزادی تقریبات کو فول پروف سکیورٹی دی جائیگی: کمشنر
لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے سلسلے میں 14۔اگست کوڈویژن کے تمام اضلاع میں پرچم کشائی کی باوقار تقریبات کے علاوہ کھیلوں، تقاریر اور مصوری کے پروگرام ہوں گے۔ 13 اور 14 -اگست کو ون ویلنگ پر دفعہ 144 نافذہوگی۔ ریسکیو 1122 کسی بھی ہنگامی حالت سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہائی الرٹ ہوگی جبکہ پولیس و دیگر ادارے تقریبات کے سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے اور پارکوں کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار جشن آزادی کے سلسلے میں تقریبات کے لیے انتظامات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ 13 اور 14-اگست کو لاہور میں اہم تقریبات کی تعداد 42 جبکہ باقی تینوں اضلاع میں 31 مختلف تقریبات کا انعقاد ہوگا۔ اہم سرکاری عمارات کو روشنیوں سے سجایا جائے گا۔