حکومت کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی: رفیق رجوانہ

07 اگست 2016

لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیری عوام کے لئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد کو جاری رکھے گی اور کسی صورت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے حق خودارادیت پر مکمل یقین رکھتے ہیں کیونکہ دُنیا جانتی ہے کہ خود ارادیت کی موجودہ تحریک کشمیریوں کی اپنی آزادی کی تحریک ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی قرادادوں پر عمل درآمد کو یقینی بناکر کشمیری عوام کی آزادی اور خود مختاری کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مقامی ہوٹل لاہور میں پاکستان نیشنل فورمز کے زیر اہتمام مسلہ ¿ کشمیر کے حل اور وہاں کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے چیئر مین کرنل (ر) اکرام اللہ خاں ،شاہد حامد، ایم ایس ظفر، بشپ الیگزینڈر جان ملک سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا اورمسلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کی حق خودرادیت کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔