اولمپک گیمز:100 میٹر بریسٹ سٹروک کا ورلڈ ریکارڈ قائم، لبنانی کھلاڑیوں کا اسرائیلیوں کیساتھ سفر کرنے سے انکار

07 اگست 2016
اولمپک گیمز:100 میٹر بریسٹ سٹروک کا ورلڈ ریکارڈ قائم، لبنانی کھلاڑیوں کا اسرائیلیوں کیساتھ سفر کرنے سے انکار

ریو ڈی جنیرو(سپورٹس ڈیسک) برطانیہ کے ایڈم پیٹی نے اولمپک گیمز کے تیراکی کے مقابلے میں سو میٹر بریسٹ سٹروک کی ہیٹ مقابلے میں ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ۔انہوں نے مقررہ فاصلہ 57.55سیکنڈ میں طے کیا ۔انہوں نے لندن میں سترہ اپریل 2015ء میں یہ فاصلہ 57.92سیکنڈ میں طے کیاتھا۔ لبنان کے اتھلیٹس نے اولمپک گیمز کے دوران اسرائیلی اتھلیٹس کے ساتھ بس میں سفر کرنے سے انکار کر دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سفاریت تعلقات بھی نہیں ہیں۔ لبنانی کھلاڑی سٹیڈیم جانے کیلئے بس میں بیٹھے تھے کہ علم ہوا کہ اسرائیلی کھلاڑی بھی ان کے ساتھ سفر کریں گے۔ کھلاڑیوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی کھلاڑیوں کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔ اسرائیلی کھلاڑی اسی بس میں سفر کرنے پر بضد تھے۔ انتظامیہ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو الگ الگ بسوں میں سٹیڈیم پہنچایا۔ اولمپک گیمز میں بیلجیئم نے ہاکی کے ایونٹ میں برطانیہ کو شکست دے دی۔ مینز ایونٹ کے سلسلہ میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم ٹیم کے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا اور میچ کے اختتام پر ایک کے مقابلے میں 4 گول سے کامیابی حاصل کی۔ برطانیہ عالمی رینکنگ میں نمبر چار جبکہ بیلجیئم چھٹے نمبر پر ہے۔ برطانوی خواتین ٹیم نے رگبی سیونز مقابلے میں برازیل کو شکست دے دی۔ افتتاحی میں برطانوی ٹیم نے 3 کے مقابلے میں 29 پوائنٹس سے میزبان ٹیم کو شکست دی۔ دوسرے میچ میں فرانس نے سپین کو 7 کے مقابلے میں 24 پوائنٹس سے ہرا دیا۔ میزبان برازیل کی ویمنز‘ ہینڈ بال ٹیم نے اولمپک گیمز میں حریف ناروے کی ٹیم کو شکست دے دی۔ میزبان ٹیم نے 28 کے مقابلے میں 31 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔برطانیہ کی کیتھرین گرینجر اور وکٹوریہ تھارنلے اولمپک گیمز کے کشتی رانی کے ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ اپنی بیٹ میں دوسرے نمبر پر رہیں۔ جبکہ کیمبل نے ہیٹ جیت کر کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔