وقفے کے بعد میچ پر گرفت کمزور ہوئی: مشتاق احمد

07 اگست 2016
وقفے کے بعد میچ پر گرفت کمزور ہوئی: مشتاق احمد

لاہور (نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کو وکٹ نہ ملنے کی وجہ سے میچ پر پاکستان کی گرفت کمزور ہو گئی۔ برمنگھم میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹیم کے بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پوزیشن مستحکم تھی۔ جب انگلینڈ کے 170 رنز پر چار کھلاڑی آوٹ تھے تب ٹیم کو ایک یا دو وکٹ ملنے سے مجموعی صورتحال تبدیل ہو جاتی۔ گذشتہ ایک سال سے کھلاڑی فٹنس پر بہت توجہ دے رہے ہیں اور ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے فٹنس بہت اہم ہے۔ چار بولروں سے ہی ٹیم نے لارڈز میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ چار بولروں کے ساتھ کھیلنے کے فوائد اور نقصانات دونوں ہیں۔ کوچ مشتاق احمد کے مطابق ’اننگز لمبی ہونے پر چار بولرز تھک سکتے ہیں اور تھکنے کے بعد اگر اْن کا ذہن ساتھ بھی دے رہا تو وہ جسمانی طور پر تھک چکے ہوتے ہیں۔