مقبوضہ کشمیر : کشمیری پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش‘ بھارت کا یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے
سرینگر (آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں 14 اگست پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے جبکہ پندرہ اگست بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیئرمین فریدہ بہن جی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ عیدالفطر انتہائی سادگی سے منائی جائے جبکہ چودہ اگست کو پاکستان کا جشن آزادی بھرپور جوش و جذبے اور پندرہ اگست کو بھارتی یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر دنیا پر یہ واضح کیا جائے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔ اپنے ایک بیان میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ کشمیری عوام عیدالفطر انتہائی سادگی سے مناتے ہوئے شہداء کے قبرستانوں پر جا کر ان کے لئے فاتحہ خوانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہداءنے اپنے خون سے تحریک آزادی کو پروان چڑھایا اور آج ہم ان کے ادھورے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام شہداءکے خون کے وارث ہیں اور کسی بھی طالع آزما کو شہداء کے خون کا سودا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم چودہ اگست کو پاکستان کا جشن آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منائے اور پندرہ اگست بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے تاکہ دنیا پر واضح ہو جائے کہ کشمیری بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔