پی ٹی آئی میں بڑھتے اختلافات‘ بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں کو بیان بازی سے روکدیا 

Apr 07, 2025

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹرگوہر نے پارٹی میں بڑھتے اختلافات کے پیش نظر رہنماؤں کو میڈیا میں بیان بازی سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئندہ پارٹی عہدیدار عوامی سطح پر اختلافات کا اظہار نہیں کریں گے اور پارٹی اپنے تمام معاملات مناسب فورم پر ہی حل کرے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر   پی کے علی امین گنڈاپور نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں پر سازش کرنے کا الزام لگایا تھا جس کے جواب میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہرام خان ترکئی نے علی امین گنڈا پور کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ شہرام ترکئی نے کہا کہ اس قسم کے بیانات سے عمران خان کی تحریک کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی توانائیاں امن و امان کی بحالی اور طرز حکومت پر بہتر بنانے پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوششوں کو کمزور نہیں کرنا چاہیے۔ اگر عمران خان نے ہمارے خلاف کوئی بیان دیا ہے تو اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔

مزیدخبریں