شروع سے کہہ رہے پیپلز پارٹی فراڈ ہے:  ذوالفقار بھٹو جونیئر

Apr 07, 2025

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا ہے کارپوریٹ فارمنگ پاکستان کی موت ہے، ہم دریائے سندھ پر کوئی کینال نہیں چاہتے، سندھ مسائل کی آماجگاہ اور زراعت تباہ ہو گئی ہے، وہ شروع سے کہتے آ رہے ہیں پیپلز پارٹی فراڈ ہے، بھٹو کے نام کو پیپلز پارٹی نے بدنام کر کے رکھ دیا ہے، سندھ کے لوگ متحد ہیں آخری سانس تک مقابلہ کریں گے۔ وہ سندھ ہاری کمیٹی کے تحت حیدرآباد پریس کلب میں منعقدہ سندھ کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا پیپلز پارٹی کا مطلب کرپشن، محض پیسہ بنانا ہے، بھٹو اور زرداری میں کیا فرق ہے لوگ خوب جانتے ہیں۔ وہ اس وقت سیاسی سفر میں ہیں اور انہیں شہید بھٹو سمیت دیگر دوستوں کی حمایت حاصل ہے، ہم ایک نیا نظام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت پانی ہے، دریائے سندھ دنیا کے ٹاپ ٹین دریائوں میں سرفہرست ہے، حکومت سائنس اور لاجک سے ہٹ کر کام کر رہی ہے، ہم اپنا اینوائرمنٹ خود تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک قدرتی ملک ہے سیاسی نہیں، جان بوجھ کر نظام کو تباہ کیا جا رہا ہے، پڑوسی ملک میں بھی کارپورٹ فارمنگ کے خلاف جانیں دی ہیں، سندھ کے عوام بھی متحد ہیں، سندھ کے طلبا گرفتاریاں دے رہے ہیں، ان پر تشدد کیا جا  رہا ہے۔ قبل ازیں ذوالفقار علی جونیئر نے سندھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہ ان کی سندھی صد فیصد درست نہیں ہے، وہ اردو میں بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا پورا نظام تباہ ہے، منگلا اور تربیلا میں پانی نہیں ہے، کیا یہ غلطی سندھیوں کی ہے؟۔ جب قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے میٹھے اور کھارے پانی کو آپس میں ملانے کی بات کی تو ہمارے حکمرانوں نے میٹھے پانی کو کھارے پانی سے جدا کر کے غیراسلامی عمل کیا ہے، جب اس پانی کو خود اللہ نے آپس میں ملایا تو سرکار جدا کرنے والی کون ہوتی ہے۔ ہمیں سرکار سے بنیادی حقوق کیوں مانگنا پڑ رہے ہیں، دریائے سندھ ہمارا ہے اور اس کا پانی بھی ہمارا ہے، سندھ کو فلسطین نہ بنایا جائے، کمپرومائز کر لیں تم کیا لو گے، ہم کیا لیں گے۔

مزیدخبریں