بجلی ریلیف پیکج ناکام بنانے کیلئے میٹرڈی فیکٹوظاہر کرکے مرضی کے بل جاری 

Apr 07, 2025

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بجلی صارفین کو دیئے گئے ریلیف پیکج کو ناکام بنانے کیلئے بجلی میٹرز کو ڈی فیکٹو ظاہر کر کے صارفین کو بغیر میڑریڈنگ کے اپنی من مرضی سے بجلی کے بل بھجوانا شروع کر دئیے گئے۔ بعض افسروںنے بجلی کے میٹر تبدیل کرانے کی تلوار بھی صارفین کے سروں پر لٹکا دی ہے اور اضافی بل بھجوا کر انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ڈھولنوال سب ڈویژن سے منسلک شہری آبادیوں بشمول سبزہ زار سکیم کے 900 کے قریب بجلی میٹروں پر ڈیفیکٹو کوڈ لگا کر ان صارفین کو گذشتہ 3 ماہ سے بغیر میٹر ریڈنگ کے ماہانہ ہزاروں روپے کے بل بھجوائے جا رہے ہیں۔ بجلی کے ان میٹروں پرکوئی ٹمپرنگ ثابت ہوئی ہے نہ یہ میٹر بند ہیں۔ سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سعید آسی، جنرل سیکرٹری محمد افضل خاں اور نائب صدر حاجی محمد ارشد نے ان تمام معاملات اور بے ضابطگیوں سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کو مفصل آگاہ کر دیا ہے اور باور کرایا ہے کہ اگر بجلی صارفین کو لوٹنے کا یہ سلسلہ بند نہ کیا اور بل درست نہ کیے تو وہ ڈھولنوال سب ڈویژن آفس کا بھی گھیراؤ کرینگے اور سڑکوں پر آکر بھی احتجاج کرینگے۔ انہوں وفاقی وزیر برائے پاور سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ نوٹس لیں اور یہ سلسلہ بند کرائیں۔

مزیدخبریں