لاہور( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کی قیادت میں بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیر اعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر کیلئے ریلی نکالی گئی ،ریلی خیابان امین سے فیروزپور رو ڈ،لدھڑ ،بیدیاں سے ہوتے ہوئے مختلف مقامات سے گزری جہاں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ریلی میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی ،میاں عمران جاوید،راناراشد،بی بی و ڈیری سمیت لیگی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔کارکنان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سے مسلم لیگ (ن) کو نکال دیں تو پیچھے کچھ نہیں رہ جاتا ،وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں سات روپے سے زائد کی کمی کی گئی ہے ،مشکل حالات کے باوجود وزیر اعظم شہباز شریف نے ناممکن کو ممکن بنایا ہے ،جلد مزید خوشخبریاں بھی سننے کو ملیں گی۔ وزیراعظم شہبازشریف بہترین اندازمیں عوام کی خدمت کررہے ہیں ،سابقہ حکومت نے عوام سے کھانے کا نوالہ تک چھین لیا تھا ہم ملک کو جلد ترقی یافتہ بنا ئیں گے۔ حکومت ملکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
ترقی سے ن لیگ کونکال دیں توپیچھے کچھ نہیں رہ جاتا:رانامبشر اقبال
Apr 07, 2025