سنچورین: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سنچورین میں کھیلے جانے والے فیصلہ کن معرکے میں جنوبی افریقی ٹیم 321 رنز کے تعاقب میں 49.3 اوورز میں 292 رنز بناسکی، قومی ٹیم نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ملان، فلک وایو اور کائل ویرینے کی نصف سنچریاں بھی جنوبی افریقہ کو شکست سے نہ بچاسکیں، ملان نے 70 رنز کی اننگز کھیلی، فلاک وائیو اور کائل ویرینے بالترتیب 54 اور 62 رنز بناسکے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور شاہین آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لئے 321 رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے مسلسل دوسرے میچ میں پروٹیز کے خلاف دوسری سینچری اسکور کی، فخر زمان 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، امام الحق نے 57 رنز بنائے۔کپتان قومی ٹیم بابر اعظم نے 94 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، وہ میچ کے آخری بال پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے، بابر اعظم کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔میچ کے آخری لمحات میں فاسٹ بولر حسن علی نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مل کر 24 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت داری قائم کی، حسن علی نے ایک اوورز میں چار چھکے بھی جڑتے ہوئے محض 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کی جانب سے کیشومہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈن مکرم نے دو جبکہ جے جے سمٹ نے ایک وکٹ حاصل کیں۔