شجر کاری مہم ‘ سڑکوں اور پارکس میں 14 ہزار پودے لگاچکے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں 15 فروری سے شروع ہونے والی شجرکاری مہم میں مختلف سڑکوں اور پارکس میں 14 ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں، یونیورسٹی روڈ کے اطراف سائیڈ بیلٹ پر پہلی بار شجرکاری ہوگی، سول سوسائٹی شہر کی بہتری کے کاموں خصوصاً شجر کاری میں بھرپور تعاون کررہی ہے، شجر کاری مہم 14 اپریل تک جاری رہے گی جس کے دوران لگائے جانے والے پودوں سے شہر کا ماحول سرسبز ہوجائے گا،ایدمنسٹریٹر کراچی لئیق احمدنے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کے تحت شہر میں جاری شجرکاری مہم کے دوران مارچ کے مہینے تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ فیضان گلوبل فائونڈیشن کے اشتراک سے پانچ اہم سڑکوں پر بھی شجر کاری کا آغاز کردیا ہے۔ جھیل پارک میں پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ ہل پارک میں شجرکاری کے لئے کھاد تیار کر لی گئی ہے، پودوں کی فراہمی اور مہم کی نگرانی میں فیضان گلوبل فائونڈیشن سمیت مختلف اداروں اور سول سوسائٹی کا تعاون حاصل ہے ، انہوں نے کہا کہ جن سڑکوں ، شاہراہوں اور پارکس میں 31مارچ تک شجر کاری کی گئی ہے ان میں شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، کورنگی 8000 روڈ، شاہراہ پاکستان، راشد منہاس روڈ، شاہراہ قائدین، جھیل پارک، فریئر ہال، نیشنل اسٹیڈیم، باغ ابن قاسم، اولڈ کلفٹن، پولو گرائونڈ اور عزیز بھٹی پارک شامل ہیں جہاں مجموعی طور پر 14503 پودے لگائے جاچکے ہیں۔