منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مصروف معاون طبی عملے کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے یہ بات منگل کی شام اسلام آباد میں صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا کے ہمراہ کورونا کے بارے میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو ساڑھے انتالیس ہزار حفاظتی کٹس فراہم کر چکی ہے جبکہ وینٹی لیٹرز سمیت مزید طبی سامان ہسپتالوں کو جمعرات کے روز براہ راست فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پاس اب ملک بھر کی اٹھارہ فعال لیبارٹریوں میں کورونا کے یومیہ تین ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اسد عمر نے یقین ظاہر کیا کہ اس ماہ کے آخر تک کورونا کے یومیہ 25 ہزار ٹیسٹ کئے جا سکیں گے۔منصوبہ بندی کے وزیر نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت ملک میں یوٹیلٹی اسٹورز میں لوگوں کو اشیائے خوردونوش فراہم کرنے پر چالیس ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔
ڈاکٹرظفرمرزا نے اس موقع پر بتایا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے چار ہزار چار کیسز مثبت آئے ہیں جن میں سے اسلام آباد میں تیراسی، پنجاب میں دو ہزار چار، سندھ میں 932، خیبرپختونخوا میں پانچ سو، بلوچستان میں دو سو دو، آزادجموں و کشمیر میں اٹھارہ اور گلگت بلتستان میں دو سو گیارہ کیسز ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ 429 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں54 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 28 کی حالت نازک ہے جنہیں وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہے۔ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران تین ہزار 88 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے پانچ سو 77 مثبت آئے اور اس وباء کی وجہ سے چار افراد جاں بحق ہوئے۔