ینگ ڈاکٹرز مافیا کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ بلوچستان کا شعبہ صحت مختلف مافیاز کے ہاتھ میں رہا،مافیا میڈیکل سپلائی اورٹرانسفرپوسٹنگ پرکنٹرول چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سے ملاقات کی ہے اور انہیں ڈاکٹرز کے مسئلے کے حل اورنئی آسامیاں مشتہر کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
جام کمال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بلوچستان کا شعبہ صحت مختلف مافیاز کے ہاتھ میں رہا،یہ مافیا میڈیکل سپلائی اورٹرانسفر پوسٹنگ پرکنٹرول چاہتا ہے،ینگ ڈاکٹرز اس مافیا کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں انہیں الزام نہیں دیاجاسکتا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں گذشتہ روز کے واقعے کےبعد ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی جانب سے آج بھی اسپتالوں میں ہڑتال جاری ہے۔ ہڑتال کے باعث سول اسپتال کا شعبہ حادثات سمیت تمام شعبے بند ہونے سےمریضوں کے مشکلات میں اضافہ ہورہاہے۔
ینگ ڈاکٹرزنے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نے اب تک کوئی سنجیدہ مذاکرات نہیں کئے، فی الفور ڈاکٹرز پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔