لاہور: معروف اداکارہ مایا علی نے کچھ عرصے کے لیے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی ہے جس کا اعلان اُنہوں نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ مایا علی نے گزشتہ روز فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے ۔ مایا نے اپنی اِس پوسٹ کے عنوان میں لکھا کہ آپ سب کو میرا سلام ، اُمید کرتی ہوں کہ آپ سب بالکل خیریت سے ہوں گے اور قرنطینہ میں بہترین وقت گُزاررہے ہوں گے۔مجھے معلوم ہے کہ ہر ایک شخص کورونا کے اِس مشکل حالات سے اپنے طریقے سے نمٹ رہا ہے۔ اورجیسا کہ میں پہلے بھی یہ بات کہہ چُکی ہوں کہ ہمیں ہمیشہ ایک اُمید رہتی ہے اور ابھی بھی ہم پُرامید ہے کہ انشااللّہ یہ وقت بھی گُزر ہی جائے گا۔
اپنی پوسٹ پر مایا علی نے مزید لکھتے ہوئے کہا کہ میں کچھ دن کے لیے سوشل میڈیا سے ایک چھوٹا سا بریک لے رہی ہوں۔ اس مشکل وقت میں جب ہر ایک شخص اپنے طریقے سے حالات کو سنبھالنے کی کوشش کررہا ہے ۔ میں نے بھی سوچا کہ میرے لیے یہ بہترین وقت ہے کہ میں اپنا اندرونی امن تلاش کروں اوراپنی زندگی کے نظام کو دوبارہ بہتر طریقے سے ترتیب دینے کا بہترین وقت ہے۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں اللّہ تعالیٰ کی بہت شُکر گُزار ہوں۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہےکہ ہم اللّہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کے بارے میں سوچتے ہیں اور پھر اُن لاتعداد نعمتوں کو شمارکرتے ہیں تو اپنے رب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مایا علی کا کہنا تھا کہ میری ٹیم اِسی طرح راشن کی تقسیم کرتے رہے گی اور میں ہر اُس شخص کی مشکور ہوں جس نے اِس نیک کام میں ہمارے ساتھ تعاون کیا۔نیکی کا یہ کام اُس وقت تک رکنا نہیں چاہیے جب تک کہ سب کچھ پہلے جیسا نہ ہوجائے۔مایا علی نے اپنے چاہنے والوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ سب اپنے لیے اور اپنے پیاروں کے لیے محفوظ رہیں اور آپ سب سے جلد بات ہوگی۔اس سے قبل مایا علی اکثر سوشل میڈیا پرمختلف پوسٹ بھی شئیر کرتی نظر آتی رہی ہیں ۔
فالوورز کو اپنے پیاروں کی خاطر اپنا خیال رکھنے کی تاکید کرنے والی مایا نے پوسٹ کے اختتام پرکہا کہ آپ سب سے دوبارہ جلد بات ہوگی۔
اس سے قبل بھی مایا علی قرنطینہ کے دوران گھر کی صفائی اور بیکنگ کرتے ہوئے ویڈیوز شیئر کرچکی ہیں۔