لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت نمٹا دی

لاہور: لاہورہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔جسٹس سردار نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کی ۔حمزہ شہباز نے کورونا کے خدشے کے پیش نظر درخواست ضمانت دائر کی ہے ۔درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیاہے۔
وکیل حمزہ شہباز نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں اس وقت کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔جیل میں کورونا پھیلنے کے شدید خطرات لاحق ہیں ۔عدالت نے کہاکہ آپ کی ضمانت پہلے خارج ہو چکی سپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہئے ،وکیل حمزہ شہباز نے کہاکہ ہم انسانی بنیادوں پر یہاں آئے ہیں ۔
اس موقع پر جسٹس سردار احمد نعیم نے پوچھا کہ حمزہ شہباز کی میرٹ ضمانت کی درخواست کب مسترد ہوئی؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ11 فروری 2020 کو مسترد ہوئی۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز سنگین جرم میں ملوث نہیں ہے اور نہ ہی ان کے موکل عادی ملزم ہیں۔موجودہ صورتحال میں حمزہ شہباز کا زندگی گزارنے کا حق مجروع ہو رہا ہے۔ اگر عدالت مناسب سمجھے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔