کرونا ریلیف فنڈ:کراچی پورٹ ٹرسٹ کا عطیہ، 3ہزار راشن بیگز گورنر سندھ کے حوالے
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی پورٹ ٹرسٹ اور منسٹری آف میری ٹائم افیئرز کی جانب سے 6 ٹرکوں میں موجود 3000 راشن بیگز گورنرسندھ عمران اسماعیل کے حوالہ کئے گئے یہ راشن بیگز حیدرآباد کے مستحق افراد اور لاکھڑا کے محنت کشوں میں تقسیم کئے جائیں گے اس ضمن میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی ، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زماں ،چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل جمیل اختر اور دیگر کے ساتھ گورنرہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ پچاس ہزار راشن بیگز لوگوں کو دیں جس میں سے سات ہزار راشن تقسیم کیا جاچکا ہے تین ہزار مزید آج آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشن مخیر حضرات اور دیگر اداروں کی مدد سے تقسیم کررہے ہیں تاکہ لاک ڈاؤن سے متاثرین افراد کو بروقت راشن پہنچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹائیگر فورس میں سندھ سے 1لاکھ بیس ہزار لوگ رجسٹرڈ ہوگئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ میں بہت سے لوگ ہیں جن کے شناختی کارڈ نہیں ہیں اور ان کا نام نیشنل ڈیٹا بیس میں بھی نہیں ہے ان تک بھی پیسے اور راشن پہنچانے کا نظام بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مستحق افراد کی مدد کے لئے وزیر اعظم نے جو پروگرام بنایا ہے ان میں ڈپٹی کمشنرز لوگوں کو مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس فرنٹ لائن سپاہی ہیں جبکہ جینیٹوریل اسٹاف بھی اس وقت نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کی جو ڈیمانڈ ہے وہ سب جائز ہیں۔