صورتحال دیکھ کر لاک ڈائون میں نرمی لائیں گے: مراد علی شاہ
کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ سیدمرادعلی شاہ نے کہاہے کہ صورتحال کودیکھتے ہوئے لاک ڈائون میں نرمی لائیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاک ڈائون سے وائرس کاپھیلائو روکا جاسکتا تھا، لاک ڈائون پہلے ہوتاتوجانیں بچ سکتی تھیں۔وزیراعلی سندھ نے کہاکہ پوری دنیا کا تجربہ ہے کورونا وائرس ملنے جلنے سے پھیلتا ہے، صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈائون میں نرمی لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ 13 مارچ کو حکومت سندھ نے جلد سے جلد لاک ڈائون کی تجویز دی تھی، وفاقی حکومت بات مان لیتی تو13مارچ سے لاک ڈائون ہوتا تو متاثرہ افرادسے پھیلائونہ ہوتا۔مرادعلی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے افرادکے ٹیسٹ کرائے،کچھ مثبت آئے، سندھ میں تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کی تعدادتقریبا5000تھی، جو زائرین ایران سے بذریعہ سڑک آئے انہیں قرنطینہ کیاگیا، جومختلف ایئر پورٹس پراترے ان سے کورونا وائرس پھیلا۔علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر شہر کے 3 سرکاری اسپتالوں میں 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم کردیا گیا ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صحت سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر صحت، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری انویسٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت اور دیگر شریک ہوئے۔ وزیراعلی سندھ نے کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی جس کے تحت سول اسپتال میں 12، جناح اسپتال میں 15، لیاری جنرل اسپتال میں 18، ٹراما سینٹر میں 26، ڈائو اوجھا میں 8 اور سروسز اسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کیا جائے گا۔اجلاس میں شہر کے 3 اسپتالوں میں 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت سول اسپتال میں 59، جناح اسپتال میں 65 اور لیاری جنرل اسپتال میں 69 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ قائم کیا جائے گا، وزیر اعلی سندھ نے ہدایت کی کہ کورونا کے مریضوں کو ان تینوں اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا جائے، اس کے علاوہ وزیراعلی سندھ نے 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کرنے کی ہدایت دے دی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم تیاری کے حساب سے بہتر جارہے ہیں، ہم نے اپنے آئی سی یو وارڈز کی تیاری کی ہے تاکہ بروقت ضرورت کوئی پریشانی نہ ہو، ہمیں اپنے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا بھی خیال رکھنا ہے، ایکسپو سینٹر کے قریب اگر ہوٹل ہے تو ایک ماہ کی بکنگ کرکے ڈاکٹرز کے لئے رہائش کا بندوبست کیا جائے، ہر ڈاکٹر کو الگ کمرہ فراہم کیا جائے۔