ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت جاری‘ انتظامیہ خاموش تماشائی
جتوئی (نیوز رپورٹر) ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت جاری‘ انتظامیہ خاموش تماشائی ۔جتوئی شہر اور گردو نواح جھگی والا، جلو سہو، بیلے والا، چوک پرمٹ، پھلن شریف و دیگر علاقوں میں ایل پی جی گیس کی قیمت 98 روپے فی کلو کی بجائے 110 روپے فی کلو سے بھی زائد وصول کئے جا رہے ہیں حالانکہ حکومت نے تقریباً ایک ہفتہ قبل ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا تھا مگر مقامی غیر قانونی گیس سلنڈر کی ریفلنگ کرنے والے دکانداروں نے حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑا کے رکھ دی ہیں جس پر عوامی و سماجی حلقوں کے نمائندگان محمد اعجاز، عاشق حسین، محمد اجمل، محمد سرفراز، محمد ارسلان، محمد عدنان و دیگر نے کہا کہ متعدد بار اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کی اس مسئلہ کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی مگر کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا اور کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاؤن سے ایک طرف تو ہم مالی طور پر کمزور ہوچکے ہیں دوسری طرف غیر قانونی گیس سلنڈر ری فلنگ کرنے والے دکانداروں نے مہنگائی کی ہوئی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ حکام اس اہم مسئلہ پر نوٹس لیں اور ڈی سی مظفرگڑھ عوام کو ریلیف دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔