پیپلزپارٹی نے بھی مسلم لیگ نون کی وکٹ اڑادی، رکن قومی اسمبلی بھاون داس پیپلزپارٹی میں شامل
الیکشن کا موسم قریب آتے ہی مسلم لیگ نون کی وکٹیں ایک ایک کرکے گرنے لگیں، مسلم لیگ نون کے اقلیتی نشست پر رکن قومی اسمبلی بھاون داس نے پارٹی کو خیرآباد کہتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی. سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وہ بھاون داس کوپیپلزپارٹی میں شامل ہونےپرخوش آمدیدکہتے ہیں. نوابشاہ پریس کلب کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بہت بڑی طاقت ہے لیکن کچھ لوگوں کو یہ بات سمجھ نہیں آتی، مسلم لیگ نون کی قیادت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا, بولے نواز شریف کے پاس عقل نہیں ہے اور انہوں نے اٹھارہویں ترمیم پر مکمل عمل نہیں کیا، اب اٹھارہویں ترمیم کو ختم کرنے کا سوچ رہے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کی خاطر 2013 کے انتخابات کو قبول کیا، 2013 کے آر او الیکشن نے ہمیں پنجاب میں الیکشن جیتنے نہیں دیا، نواز شریف نے ہمیں اچھا صلہ نہیں دیا، لیکن وقت آنے پر میاں صاحب سے جمہوری انداز میں حساب لیں گے. آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کے ساتھ قومی اسمبلی سے مستعفی ہوجاتے تو حکومت نہ چلتی، نواز شریف کی حکومت ڈیڑھ سال میں ہی ختم ہو جانی تھی ، حکومت ختم ہوتی تو کرسیوں کی گیم شروع ہو جاتی۔