سالڈویسٹ کمپنی پوش علاقوں تک محدود، شہر میں صفائی کی صورتحال سنگین ہو گئی
لاہور (خبر نگار) 3 ارب روپے سے لاہور کی صفائی کا کام 16 ارب روپے سالانہ تک پہنچانے والی لاہور سالیڈویسٹ کمپنی لاہور کے صرف پوش علاقوں خصوصاً جوہر ٹائون اور وہاں سے رائے ونڈ کے علاقوں تک صفائی کا کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دے رہی ہے مگر لاہور کے حکمرانوں کے دلوں اور دماغ سے اتر جانے والی غریب اور پسماندہ آبادیوں کے مکینوں کو اسی کمپنی کی ’’اصل محبت‘‘ کا سامنا ہے۔ لاہور سالڈویسٹ کمپنی کو شادباغ، وسن پورہ، چاہ میراں اور شمالی لاہور کی دیگر آبادیوں کے ساتھ ساتھ بند پار کی آبادیوں، تاج پورہ، مغل پورہ، باغبان پورہ، سلامت پورہ، ہربنس پورہ، تاج باغ ودیگر آبادیوں کا شاید علم ہی نہیں۔ ایسا ہی ایک منظر گزشتہ روز تاج پورہ سکیم بی بلاک کی آمنہ مسجد کے قریب سے گزرتے ہوئے دیکھا۔ مسجد کے قریب لگے کوڑے کے ڈمپر جو کہانی سنا رہے ہیں کاش یہ کہانی اس کمپنی کے تمام افسروں کی آنکھیں کھول دے۔