رحیم یار خان، صوابی آپریشن، 3 دہشت گردوں سمیت 45 گرفتار، بنوں: دھماکہ، 5 جوان زخمی
رحیم یارخان/ بنوں/ صوابی (کرائم رپورٹر+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے رحیم یارخان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کامیاب کارروائی کے بعد جنرل بس سٹینڈ سے ملحقہ باغ میں دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی میں مصروف کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد گرفتار ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر برآمد، دہشت گردوں کو تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار دہشت گردو ں نذیر احمد، وقاص اور اسامہ کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے اور تینوں دہشت گرد لاہور کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ تحصیل میر علی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے 5 سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ سی ایم ایچ ہسپتال بنوں منتقل کر دیئے گئے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شمالی وزیر ستان کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کا قافلہ معمول کے مطابق نقل و حرکت کر رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی نشانہ بن گئی۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر نامعلوم شدت پسندوںکی تلاش شروع کر دی۔ تحصیل زرڑ صوابی کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 2 اشتہاری اور 3 سہولت کاروں سمیت 45 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران دو پستول، ایک کلاشنکوف اور سینکڑوں کارتوس برآمد کر لئے گئے۔ سرچ آپریشن شیوہ پرمولی نارنجی اور ملحقہ علاقوں میں کیا گیا۔