نواز شریف کا نظریہ اور اعمال غیرجمہوری تھے اور رہیں گے،مصطفی نواز کھوکھر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ نواز شریف ایک بار قوم کو بتا ہی دے کہ ان کا نظریہ کیا ہے کیونکہ قوم ابھی تک نہیں بھولی کہ نواز شریف ضیاالحق کے مشن کی تکمیل کے لئے قسمیں کھاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نظریہ اور اعمال غیرجمہوری تھے اور رہیں گے۔ نواز شریف کا نظریہ یہ تھا کہ پارلیمان کو بے توقیر اور کمزور کروں۔انہوں نے کہا کہ اس نظریے تحت نواز شریف میمو گیٹ سازش وکیل بن گئے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ نواز شریف کا نظریہ یہ ہے کہ کمزور کو چھوڑنا نہیں اور طاقتور کو چھیڑنا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جب نواز شریف اپنے کئے کی سزا بھگت رہے ہیں اور زیر احتساب آئے ہیں تو انہیں جمہوریت اور میثاق جمہوریت یاد آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے تو خود ثابت کیا ہے کہ وہ لاہور کے مراعات یافتہ علاقوں کے وزیراعظم تھے، لاہور کے عوام کے نہیں۔