وزارت داخلہ پنجاب نے عدالتی احکامات کو مذاق بنا دیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وزارت داخلہ پنجاب نے عدالتی احکامات کو مذاق بنالیا۔ عدالتی احکامات کے باوجود شک کی بنیاد پر فورتھ شیڈول میں شامل شہریوں کے نام شیڈول سے خارج کرنے کی درخواستیں نمٹانے کی بجائے سرد خانے میں ڈال دیں۔ وزارت داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں گذشتہ برس اکتوبر سے اب تک پندرہ سو کے قریب افراد کے نام شک کی بنیاد پر فورتھ شیڈول میں شامل کر رکھے ہیں مختلف نوعیت کے مقدمات سے باعزت بری ہونے والے افراد اور متاثرہ شہریوں نے وزارت داخلہ پنجاب کے اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تو سائلین کی درخواستیں جلد نمٹانے کے عدالتی احکامات کے باوجود وزارت داخلہ پنجاب نے عدالتی احکامات نظر انداز کرنا اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے، فورتھ شیڈول میں شامل افراد کا کہنا ہے کہ شیڈول میں نام شامل ہونے کی بنا پر ان کے شناختی کارڈز بلاک کردئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کے شہری حقوق ضبط کر لئے گئے ہیں، عدالتی احکامات کے باوجود فورتھ شیڈول سے نام نکالنے کی درخواستوں پر شنوائی نہیں ہو رہی شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اس معاملے پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔