ایمنسٹی اسکیم سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا : تاجر صنعتکار
کراچی (کامرس رپورٹر ) کاروباری کمیونٹی اور صنعت کاروں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے نئی ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کے اقدامات پر محتاط امید و مایوسی کے ملا جلا رد عمل کا اظہار کیا ہے۔اوورسیز سرمایہ کاروں کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے مایوسی کا اظہار کیا۔او آئی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ انہوں نے ایک حکومت کو ایک خط لکھا ہے کہ وہ ایمنیسٹی کے ساتھ کن بنیادوں پر اختلاف رکھتے ہیں،ہم ہمیشہ سے ٹیکسز دیتے آرہے ہیں اور اس ایمنسٹی کے ذریعے حکومت ٹیکسز نہ دینے والوں کو کلین چٹ دے رہی ہے۔وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت(ایف پی سی سی آئی) نے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ٹیکس کی شرح کم کرنے اور بیرون ممالک اثاثے رکھنے والے افراد کے لیے ایمنسٹی اسکیم کو خوش آئند قراردیتے ہوئے ایمنسٹی اسکیم میں سیاستدانوں کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔جمعہ کوفیڈریشن ہاﺅس میں ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفربلور نے اپنے سینئرنائب صدر مظہراے ناصر اور نائب صدر طارق حلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایمنسٹی اسکیم میں زیادہ تر آئندہ انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے مراعات دی ہیں،حکومت کا پراپرٹی ڈیکلیئر ریٹ پر خریدنے کا راستہ رشوت ستانی کو فروغ دے گا اس لئے ہم پراپرٹی کی ویلیو ایشن کا خاتمہ مسترد کرتے ہیں تاہم ایمنسٹی اسکیم اچھے وقت پر لائی گئی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور سرمائے کی فراہمی بڑھانے میں مدد ملے گی۔پریس کانفرنس میں ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،حنیف گوہر،شکیل احمدڈھینگڑا،سلطان شمسی بھی موجود تھے۔غضنفربلور نے کہا کہ سیاستدان ایمنسٹی کی مخالفت کررہے ہیں لیکن انہیں اس اسکیم کے بہتر فوائد کا علم نہیں ہے اس لئے سیاستدان تنقید برائے تنقید نہ کریں ،ایمنسٹی کے ذریعہ ملک میں ڈالر آئیں گے جس سے نہ صرف زرمبادلہ کے کم ہوتے ہوئے ذخائر میں بہتری آئے گی بلکہ نئی فیکٹریاں لگیں گی جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے گا ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کو پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے ۔کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم اور نائب صدر جنید نقی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم کا خیر مقدم کیا ہے۔ کاٹی کے سرپرست اعلیٰ اور ممتاز بزنس لیڈر ایس ایم منیر نے ایمنسٹی کے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہو ئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کی مدد سے بیرون ملک سرمایہ پاکستان واپس آئے گا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی بھی توقع ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل کی کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں۔ کاٹی کے صدر طارق ملک نے ایمنسٹی اسکیم کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر ملکی زرمبادلہ کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کررہا ہے، ایسی صورت حال میں بیرون ملک اثاثے اور غیر ملکی کرنسی ظاہر کرنے پر دی جانے والی ایمنسٹی سے بہتری کی توقع کی جاسکتی ہے۔ طارق ملک نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کی کوشش ایک وقتی حل تو ضرور ہے لیکن ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے کے لیے حکومت کو مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی شرح، ٹیکس جمع کرنے کے نظام اور پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو سہولیات کی فراہمی جیسے اقدامات ہی سے ٹیکس نیٹ میں اضافے کا مقصد حاصل ہوسکتا ہے۔
ایمنسٹی