بھارت: پنشن کا لالچ‘ بیٹے نے تین سال تک ماں کی نعش فریزر میں رکھی‘ ملزم گرفتا ر
نئی دہلی (بی بی سی) بھارت میں پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے اپنی والدہ کی نعش کو تین سال تک فریزر میں رکھا۔ کولکتہ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص سوبھابراتا مجمدار نے بظاہر نعش کو حنوط کیا اور کیمیکل کے ذریعے محفوظ رکھا۔ اب پولیس اس بات کی تحقیق کر رہی ہے کہ کیا اس مشتبہ شخص نے اپنی والدہ کی نعش کو اس لئے رکھا تاکہ وہ ان کی موت کے بعد بھی ان کی پنشن حاصل کرتا رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس شخص کا ماننا تھا کہ اس کی والدہ کا دوبارہ جنم ہوگا اگر وہ ان کی نعش کو محفوظ رکھے گا۔ بعض رپورٹس کے مطابق سوبھابراتا مجمدار کی والدہ کی اپریل 2015ء میں موت کے بعد خاندان والوں نے ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی بجائے ان کی نعش کو فریزر میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اہلکار نلنجن بسواس نے بتایا کہ سوبھابراتا مجمدار کے والدین ریٹائر ہو چکے تھے اور ماہانہ پینشن لیتے تھے جو کہ کسی بھی شخص کی موت کے بعد وصول نہیں کی جا سکتی۔‘