پی اے آر سی نے سی پیک زرعی زونز کے قیام کی تجاویز بھجوا دیں
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) پی اے آر سی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ایگریکلچرل زونز قائم کرنے کے لئے تجاویز تیار کر کے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو بھجوا دی ہیں۔ پی اے آر سی نے تجویز دی ہے کہ جس طرح سے سی پیک منصوبے میں انڈسٹریل زونز قائم کیے جا رہے ہیں،اس طرح سے ایگریکلچرل زونز بھی قائم کیے جائیں تاکہ پاکستان میں زراعت کے شعبے کو فروغ دیا جاسکے اور کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ مل سکے،تجویز دی گئی ہے گلگت بلتستان میں چیری،خشک میوہ جات سمیت دیگر پھلوں کے علاقوں کو ایگریکلچرل زونز قرار دیا جائے،اسی طرح سے پنجاب ،خیبر پختونخوا،سندھ اور بلوچستان میں جہاں جہاں جوپھل اور سبزیاں کاشت ہوتی ہیں وہاں تک سی پیک کی سڑکوں سے سو کلومیٹر تک سڑکیں بنا کر اس علاقے کو سی پیک سے منسلک کیا جائے۔تجویز دی گئی ہے کہ جن علاقوں کو ایگریکلچر ل زونز قرار دیا جائے وہاں زراعت سے متعلق لوازمات بھی مہیا کیا جائیں۔فصلوں کو محفوظ بنانے کے لیے کولڈ سٹوریج تعمیر کیے جائیں،ویلیو ایڈیشن کے پلانٹس لگائے جائیں، مزید یہ تجویز بھی دی گئی ہے زرعی زونز میں ہی پراسسنگ پلانٹس بھی لگائے جانے چاہیئں تاکہ کسانوں کو اپنے فصلوں اور پھلوں کی پراسسنگ کے لیے سہولیات ان کے کھیت کے پاس ہی مہیا ہو جائیں۔ اسی طرح سے ان ایگریکلچرل زونز میں گرین ہائسز کی بھی سہولت فراہم کی جائے تاکہ کسان اس علاقے کی عام فصلوں کے ساتھ ساتھ دیگر فصلیں بھی کاشت کریں۔