حکومت چوروں کو تحفظ دینے کیلئے ایمنسٹی سکیم لا رہی ہے‘ اسد عمر
اسلام آباد (جنرل رپورٹر) موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کر دیا ہے،کسان اور صنعت کارکو تباہ کردیا گیا۔ تحریک انصاف کے سینئیر رہنما اسد عمر نے جمعہ کے روز اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومت چوروں کو تحفظ دینے کے لئے استثنیٰ سکیم لارہی ہے،پہلے بھی اس طرح کی چار سکیمیں فلاپ ہوچکی ہیں حکومت آرڈیننس کے ذریعے سکیم کولارہی ہے جس سے پارلیمان، کا بینہ، میڈیا اور قوم بے خبرہیں اب بیر ونی ملک منی لانڈرنگ اور کالے دھن کے خلاف لچک کا مظاہرہ کیا جارہاہے اس ڈر کی وجہ سے یہ سکیم لائی جارہی ہے، دوہفتے بعد بجٹ پیش کیاجارہاہے اور ن لیگ کی حکومت ووٹ کے تقد س کی بات کررہی ہے ۔پاکستان کا بجٹ300 ارب ہے، اس سکیم کے ذریعے صرف مخصوص لوگوں کو فائدہ ہوگا موجودہ حکومت کے پاس غریب آدمی کے لئے کچھ بھی نہیں۔ نواز شریف، زرداری اور بلاول بھٹوکو فائدہ ہوگا جن کے بیرونی ملک کالے دھن والے اثاثے پڑے ہیں جبکہ حکومت کے پاس ایسی کوئی سکیم نہیں جس سے کسان، صنعت کار اور عام آدمی کو فائدہ ہو۔ملکی نظام کو چلانے والے یہ سیاستدان نہیں بلکہ 20کروڑعوام ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ اگرپاکستان تحریک انصاف کی حکومت آتی ہے تووہ اس سکیم کو ریورس کرے گی۔