; عمران خان کو سندھ اور بلوچستان میں پناہ نہیں ملے گی‘ نفیسہ شاہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی عوام طالبان کے لاڈلے بھائی کو اچھی طرح پہچانتے ہیں جو خیبرپختونوا کی عوام سے بھاگ کر سندھ اور بلوچستان میں پناہ حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن انہیں سندھ اور بلوچستان میں پناہ نہیں ملے گی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا راستہ روکنے کے لئے آئی جے آئی بنائی تھی۔ وہی جنرل حمید گل عمران نیازی کے سیاسی استاد ہیں۔ وہ عمران نیازی ہی تھے جس نے جنرل حمید گل کی آشیر باد سے درویش صفت اور انسانیست کی خدمت کرنے والے مرحوم عبدالستار ایدھی پر دبائو ڈالا تھا کہ وہ حمید گل کی زیر سرپرستی پریشر گروپ کے ساتھ مل جائیں مگر جب ایدھی مرحوم نے صاف انکار کیا تو عمران نیازی انہیں بلیک میل کرتے رہے جس کی وجہ سے ایدھی صاحب نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قوم اس بات کو نہیں بھولی کہ جس دن طالبان نے اپردیر میں میجر جنرل ثنااللہ کو شہید کیا تھا اور خوشی منائی تھی عمران نیازی نے اس دن طالبان کو پشاور میں دفاتر کھولنے کی دعوت دی تھی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ عمران نیازی کے ساتھی عاصمہ رانی کے وکلاء کو ڈرا اور دھمکا رہے ہیں تاکہ کوئی وکیل مظلوم کاندان کی وکالت نہ کرے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ طالبان نے عمران نیازی کو کے پی کی حکومت دلائی بدلے میں عمران نیازی نے ڈیرہ اسماعیل جیل تڑوا کر طالبان دہشتگردوں کو رہا کرایا۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم مشال خان کے قاتلوں کو بھی پی ٹی آئی تحفظ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کس منہ سے کرپشن کے خلاف بات کر رہے ہیںجب ان کے وزراء اپنے وزیراعلیٰ کو کرپٹ کہہ رہے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ نیب کہہ رہا ہے کہ انہیں کے پی میں کام کرنے سے روکا جارہا ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ جس روز بنی گالہ کی تلاشی ہوئی پختون عوام کا سارا لوٹاہوا پیسہ وہاں سے برآمد ہوگا۔
نفیسہ شاہ