شارٹ فال 2800 میگاواٹ ہوگیا، 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان
اسلام آباد / ہری پور/لاہور/کراچی (آئی این پی + اے پی پی+ نامہ نگاران) بجلی کا شارٹ فال 2800 میگاواٹ ہوگیا جس کے بعد ملک بھر میں 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جمعہ کو وزارت پانی و بجلی کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 2800 میگاواٹ ہوگیا جبکہ طلب 17 ہزار 800 میگاواٹ اور پیداوار 15000میگاواٹ ہے‘ ملک بھر میں 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ دریں اثناء تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ڈیم کے 10 بجلی کے پیدواری پاور یونٹس کے بندش کی وجہ سے پیدوارمیں کمی ہوئی جس سے لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوا۔ تربیلا ڈیم حکام کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حدتک کم ہوگئی جوکہ 1386فٹ ہے۔ تربیلا ڈیم کی پیدواری صلاحیت 3478 میگاواٹ ہے جو کم ہو کر 240 میگاواٹ رہ گئی جولوڈشیڈنگ کاباعث بن رہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈیم میں پانی کی آمد 21 ہزارکیوسک ہے۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ اپریل کے وسط میں درجہ حرارت بڑھنے اور برف پگھلنے کے باعث ڈیم میں پانی کی سطح بہتر ہو جائے گی اور حالات معمول پر آجائیں گے۔ دریں اثناء بوریوالا‘ تاندلیانوالہ‘ قصور‘ شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ میں لوڈشیڈ نگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ گھنٹوں بجلی کے غائب رہنے سے شہری پانی سے بھی محروم ہو گئے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں‘ بجلی کے گھنٹوں غائب رہنے کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو چکے ہیں۔ شہریو ں کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سالوں سے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے دعوے کرنے والی حکومت نے سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے کچھ نہیں کیا ایک دوسرے کی سیاسی رسہ کشی کے باعث عوامی مسائل جوں کے توں ہیں۔ قصور میں 18گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ ہر ایک گھنٹہ کے بعد2 گھنٹہ بندش سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا۔ گوجرانوالہ میں دورانیہ 12گھنٹے سے بھی تجاوز کرنے لگا۔ شیخوپورہ میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے اور دورانیہ گھنٹوں پر محیط ہے۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف کے الیکٹرک نے گیس کی کمی کا بہانہ بنا کر شہر میں اضافی لوڈشیڈنگ کا جواز پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ مجبوراً اضافی لوڈشیڈنگ کرنی پڑ رہی ہے جس پر صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔ کے الیکٹرک نے سوئی سدرن پر گیس کم فراہم کرنے کا الزام لگایا جبکہ سوئی سدرن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ میں اضافے کا ذمہ دار اسے نہ ٹھہرائے۔ کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ 100ایم ایم سی ایف ڈی گیس شارٹ فال سے پلانٹس متاثر ہیں۔ گیس سپلائی میں کوئی بہتری نہیں ہوئی۔
لوڈشیڈنگ