منی لانڈرنگ میں نوازشریف زرداری خواجہ آصف سب ملوث‘ ایل این جی معاہدہ کھلوائیں گے : عمران خان
حیدرآباد(آئی این پی+نوائے وقت نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے نئی ایمنسٹی سکیم مجرموں کو بچانے کی بھونڈی کوشش اور دیانتدار ٹیکس گزاروں کے چہرے پر طمانچہ ہے، سندھ میں لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے، آصف زرداری، ان کی بہن اور وزیریہاں کے عوام پر ظلم کر رہے ہیں، جتنی غربت اس صوبے میں ہے اتنی پورے ملک میں نہیں، وفاق کے بعد اب سندھ میں "کیوں نکالا" شروع کریں گے۔منی لانڈرنگ میں آصف زرداری، نواز شریف اور خواجہ آصف سب ملوث ہیں۔ نیب کو سونامی بلین ٹری منصوبے سمیت ہیلی کاپٹر ایشو پر تحقیقات کی دعوت دیتا ہوں۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ آصف زرداری، ان کی بہن اور وزیر یہاں کے عوام پر ظلم کر رہے ہیں، جتنی غربت اس صوبے میں ہے اتنی پورے ملک میں نہیں، وفاق کے بعد اب سندھ میں "کیوں نکالا" شروع کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قوم پر قرضے بڑھ رہے ہیں اور حکمران معاہدے خفیہ رکھ رہے ہیں، ملک میں قانون مجرموں کے لئے بنائے جاتے ہیں اور دنیا بھر میں کہیں ایسے قانون پاس نہیں ہوتے جیسے یہاں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا منی لانڈرنگ کی وجہ سے قرضے بڑھتے جارہے ہیں اور منی لانڈرنگ میں آصف زرداری، نواز شریف اور خواجہ آصف سب ملوث ہیں۔ سارے پنجاب کا بجٹ صرف ایک آدمی شہباز شریف خرچ کرتا ہے۔ سندھ میں ایسی لوٹ مار ہے کہ اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔دونوں صوبوں میں نیب سے ڈرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب کو سونامی بلین ٹری منصوبے اور ہیلی کاپٹر ایشو پر تحقیقات کی دعوت دیتا ہوں۔ ایک ایک اثاثے کی چھان بین کرائی اور سپریم کورٹ نے صادق اور امین قرار دیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی سے جان چھڑانے کے لئے فیصلہ کرچکے ہیں، اب بھٹو زندہ ہے کے نعرے میں لوگ نہیں آئیں گے اور سندھ میں نئی صبح آنے والی ہے۔ قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی مدت کے خاتمے سے 45 اور بجٹ سے محض 14 دن قبل وزیراعظم کو اس سکیم کی کیا ضرورت پیش آگئی۔ وزیراعظم کا دعویٰ ہے کہ یہ سکیم سیاستدانوں کے لئے نہیں جبکہ دستاویز میں "سرکاری افسران اور عوامی عہدوں کے حامل افراد" درج ہے۔ انہوں نے کہا اس سکیم کے پیچھے کارفرما سوچ وزیراعظم کی جانب سے جان بوجھ کر پھیلائی جانے والی بدگمانی سے واضح ہے۔انہو ںنے کہا الیکشن سے 45دن پہلے ملک کے بڑے بڑے ملزمان کو معافی دینے پر انہیں شرم آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کا کنٹریکٹ خفیہ رکھا ہوا ہے۔ اسے پی ٹی آئی کھلوائے گی، اس ایمنسٹی سکیم کو تحریک انصاف مسترد کرتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا آئندہ انتخابات کے بعد اس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تحقیقات کریں گے۔ آپ ایمنسٹی دیں، تحریک انصاف حکومت میں آکر سب کی تحقیقات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا قندوز میں مدرسے پر حملہ کر کے سو سے زائد بچوں کو شہید کردیا گیا، اس طرح کے واقعات خطے میں انتشار پیدا کرنے کے لیے ہیں۔مودی کی فوج کشمیر میں جس طرح ظلم کررہی ہے دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا پنجاب کا 57فیصد بجٹ صرف لاہور میں خرچ ہورہا ہے۔ سندھ میں جو لوٹ مار ہے اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔سندھ میں ظلم کی طویل رات 2018ءکے الیکشن میں ختم ہو جائے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا پلڈاٹ کے سروے میں بتایا گیا ہے کہ پختونخوا میں سب سے کم کرپشن ہے۔ چاروں صوبوں میں سب سے براحال سندھ کا ہے۔آصف زرداری اور ان کی بہن سے شروع ہونےوالی لوٹ مار نیچے تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ اقتدار میں آ کر خود کو فائدہ نہیں پہنچا سکتے لیکن یہاں پر سب نے یہی کیا،زرداری سے پہلے سٹیل مل منافع میں تھی۔ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کا مینڈیٹ انصاف دینا ہے ،جب ادارے انصاف دینا ختم کردیں تو سپریم کورٹ کے علاوہ کہاں جائیں۔نگران حکومت آئین کے دائرے میں رہ کر بننی چاہیے۔عمران خان کا صحافی کے کتوں سے متعلق سوال پر کہنا تھا میرا شیرو تین سال پہلے مر چکا، موٹو بنی گالا میں موجو دہے۔ اس کے علاوہ بھی تین چار کتے ہیں۔ عمران خان نے کہا نواز شریف نے لوگوں کو اداروں کیخلاف اکسایا۔ یہ وہی نواز شریف ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا یوسف گیلانی کیخلاف فیصلے پر سپریم کورٹ اچھی تھی، یہ خود پھنس گئے تو عدلیہ بری ہوگئی؟۔ ان کا کہنا تھا ادارے نواز شریف کو بچالیں تو یہ ان کی تعریف کریں گے، کل شہباز شریف آرمی چیف کی تعریفیں کر رہے تھے، ایک بھائی مخالف جبکہ دوسرا تعریفیں کر رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی سکیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کرنے والے حکمران اپنے جیسوں کو نواز رہے ہیں۔ یہ سکیم نہیں بلکہ ملک لوٹنے والوں کو فری ہینڈ دینے کا انعام ہے۔ ایمنسٹی سکیم کا معاملہ سینٹ میں بھی بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا اور سینٹ میں ایمنسٹی سکیم کے خلاف قرارداد بھی لائے جائے گی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا حکومت کافی عرصہ سے سازش کے ذریعے جمہوریت پر شب خون مارنے کی طرف اشارہ کر رہی ہے مگر راتوں رات چوروں کو بچانے کیلے ایمنسٹی سکیم لا کر معیشت پر شب خون مارا گیا۔اس سکیم سے غریبوں ، کسانوں، صنعت کاروں اور سرمایہ کو نہیں پانامہ اور بہاما لیکس میں نام آنے والوں کو فائدہ ہو گا۔حکومت نے پارلیمنٹ اور کابینہ کا بائی پاس کر کے آرڈیننس کے ذریعے سکیم کااعلان کیا۔
عمران