اردو یونیورسٹی سینڈیکیٹ اجلاس‘ اساتذہ نمائندے واک آؤٹ کرگئے
کراچی (نیوز رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی سینڈیکیٹ میں اساتذہ کے نمائندوں نییونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے منظور نظر افراد کو اہم اداروں میں تعینات کرنے کے خلاف سنڈیکیٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیاجبکہ انجمن ترقی اردوکے نمائندہ نے بھی اجلاس میںشرکت نہیں کی۔وفاقی جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر ایس الطاف حسین کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کا36واں اجلاس منعقد ہوا جس میں سنڈیکیٹ کے35ویں اجلاس کی رواداد کی توثیق کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد اور پروفیسر عارف زبیرکو پروفیسر کی نشستوں پر گریجوئیٹ ریسرچ مینجمنٹ کونسل (GRMC)کا رکن مقرر کردیا گیا۔اجلاس کے اس فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے سنڈیکیٹ میں اساتذہ کے نمائندوں ڈاکٹر ممنون احمد خان، ڈاکٹر حافظ اسحاق اور ڈاکٹر محمد عابد اجلاس سے بائیکاٹ کر گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اساتذہ کی تعلیمی اور دیگر رخصتوں کے بارے میں پیش کردہ منظوری کا مکمل جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا اس سلسلے میں رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جامعہ کے الحاقی اداروں کی منظوری اعلی تعلیمی کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں کی جائے گی اور اس سلسلے میں الحاقی فارمز میں بھی ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ اجلاس میں ایک کالج کے الحاق کو معیار پر مکمل نہ اترنے پر منسوخ کردیاگیا۔اجلاس میںرجسٹرار افضال احمد، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر مسعود مشکور، ڈاکٹر عارفہ اکرام، ڈاکٹر نوید علی قائم خانی، ڈاکٹر کمال حیدر، ڈاکٹر محمد عابد، ڈاکٹر ممنون احمد خان، ڈاکٹر حافظ محمد اسحاق، ٹریژرار دانش احسان اور ناظم امتحانات غیاث الدین نے شرکت کی۔