مسلم ممالک حلال فوڈ کی درآمد کیلئے پاکستان کو ترجیح دیں: نصیب سیفی
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے حلال میٹ کے کنونیئر اور انیس ایسوسی ایٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیب احمد سیفی نے کہا کہ پاکستان دنیا کو حلال فوڈ برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتاہے، مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ حلال فوڈ کی درآمد کے سلسلے میں پاکستان کو ترجیح دیں۔ یہ بات انہوں نے ملائیشیا میں انٹرنیشنل حلال فوڈ کانفرنس سے واپسی کے بعد کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈیری اور لائیو سٹاک سیکٹر بہترین ہیں جبکہ پاکستان دنیا بھر میں دودھ پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی پیداوار کا ایک بہت بڑا حصہ ضائع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے تاجروں کے ساتھ مل کر ڈیری اینڈ لائیو سٹاک سیکٹر میں مشترکہ منصوبہ سابزی کریں جس سے پاکستان کو ٹیکنالوجی ملے گی اور ضائع ہونے والی پیداوار محفوظ کرکے برآمد کی جا سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ میاں محمد شبہاز شریف نے پاکستان سے حلال فوڈ کی برآمدات کو فروغ دینے کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ۔