ملک بھر میں یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں آج (اتوار) یوم دفاع وشہدا منایا جارہاہے جس کا مقصد غازیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا اورتمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ۔
یومِ دِفاع و شہدا کی مناسبت سے شہدائے پاکستان کو پاک فوج نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے شہدا ہمارے ہیرو ہیں، شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی نغمہ، ہر گھڑی تیار کامران ہیں، جاری کر دیا گیا۔
آج کے دن کی مناسبت سے نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی ترقی وخوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ شہداء کیلئے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی کی جارہی ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اورصوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یوم دفاع پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اورعلامہ اقبال کے مزارات پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ نے مزارِ قائد جبکہ پاک فوج نے مزار اقبال پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔
ایوان صدرمیں ہونے والی پُروقارتقریب میں صدرڈاکٹرعارف علوی مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کوملک وقوم کے لئے ان کی شاندارخدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات دیں گے۔
1965ء میں آج کے روز بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد کو عبور کرتے ہوئے پاکستان پرحملہ کیا لیکن قوم نے دشمن کے گھناؤنے عزائم کو ناکام بنادیا ۔