تمام اضلاع کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا پیکج تشکیل دیا جائیگا، کمشنر ملتان
ملتان(نمائندہ خصوصی)کمشنر ملتان ڈویڑن جاوید اختر محمود نے ڈویژن کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی اور بیو ٹیفیکشن کیلئے خصوصی مہم چلانے کا حکم جاری کیا ہے۔اس حوالے سے کمشنر جاوید اختر محمود نے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ملتان میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا ہے کہ اولیاء کرام کی دھرتی کو صاف ستھرا رکھ کر شہریوں کو ریلیف دیا جائے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل اور افرادی قوت فراہم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمشنر آفس میں منعقدہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان نے کمشنر کو کمپنی سسٹم پر بریفنگ دی۔کمشنر ملتان ڈویڑن جاوید اختر محمود نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو افرادی قوت و مشینری کی کمی پوری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو صاف رکھنے کیلئے جامع پالیسی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی،منیجر پروکیورمنٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی علیم خان اور ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ دریں اثناء کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ شہر اولیاء سمیت ڈویژن کے تمام اضلاع کے باسیوں کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا پیکج تشکیل دیا جارہا ہے۔ خصوصی پیکج میں میٹروپولیٹن کارپوریشن ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور واسا سکیمیں شامل کی جائیں گی۔کمشنر نے کہا کہ پیکج کے تحت سٹریٹ لائٹس ، پیچ ورک ، مشینری کی خریداری و مرمت اور سیوریج لائنوں کی مرمت بھی کی جائے گی اس حوالے سے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمشنر آفس میں منعقدہ ڈویژن کے ترقیاتی اداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اے ڈی پی اور سی ڈی پی فیز ون ، فیز ٹو کے منصوبہ جات کا بھی جائزہ لیا گیا۔جاوید اختر محمود نے ہدایت کی کہ ڈویڑنل لیول پر فوری طور پر پناہ گاہوں کو فعال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں وزیراعلی کے دورہ ملتان سے قبل تمام ترقیاتی منصوبوں پر تسلی بخش پیش رفت نظر آنی چاہئے۔قبل ازیں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی نے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفننگ بھی دی۔