علاج کے بعد ہی واپس آئیں: مسلم لیگ کا فیصلہ نوازشریف نے مان لیا
لاہور(نیوز رپورٹر)مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نواز شریف سے درخواست کرے گی کہ وہ علاج مکمل کروا کر کے واپس آئیں۔ پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد اس فیصلے کا اعلان احسن اقبال نے دیگر مرکزی رہنماوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ احسن اقبال نے کہاکہ محترمہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے وقت بھی پی ٹی آئی نے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات دیتے تھے اور پھر مرحومہ کی وفات کے بعد یہ لوگ شرمندہ بھی نہیں ہوئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اپنے قائد محمد نوازشریف سے درخواست کرے گی کہ وہ ڈاکٹرز کی رائے کو اہمیت دیں اورجب تک ان کے معالجین انہیںسرٹیفیکیٹ آف فٹنس نہیں دیتے وہ واپس نہ آئیں۔ پارٹی کی درخواست ہوگی کہ محمد نوازشریف اپنا علاج مکمل کرکے وطن واپس آئیں۔ انہوں نے کہاکہ محمد نوازشریف پاکستان اورکروڑوں ورکرز کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی زندگی اور صحت پر سیاست کی جاسکتی ہے اور نہ ہی سمجھوتہ کیاجاسکتا ہے۔ وہ اپنا علاج مکمل کرائیں۔ جب معالجین یہ فیصلہ کریں کہ وہ اپنے وطن واپس جانے کے قابل ہیں اور صحت مند ہیں تو فورا وطن واپس تشریف لے آئیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عدلیہ نے نوازشریف کی صحت کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔ سب جانتے ہیں کہ ان کے لندن پہنچنے کے بعد دنیا بھر میں کرونا کی شدید وبا آئی۔ کئی ماہ تک ہسپتال بند رہے۔ علاج کی سہولتیں معطل رہیں۔ اس وجہ سے صرف نوازشریف ہی نہیں دنیا بھر کے مریض کسی نہ کسی درجے میں متاثر ہوئے اور ان کے صحت اور علاج کی سہولیات میں تاخیر ہوئی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدلیہ بھی ان عوامل و حالات اور معالجین کی رائے ملحوظ رکھے گی۔ یہ ان کی زندگی کا معاملہ ہے، اس پر ٹاک شوز پر فیصلے نہیں ہوسکتے۔ ایک اورسوال پر احسن اقبال نے کہاکہ قائد محمد نوازشریف کو عدلیہ نے بیرون ملک جانے کی اجازت اپنا علاج مکمل کرانے کیلئے دی تھی لہذا جب تک ان کا علاج مکمل نہیں ہوجاتا اور ڈاکٹرز یہ نہیں کہہ دیتے کہ آپ وطن واپس جاسکتے ہیں، انہیں اپنا علاج مکمل کرنا چاہئے۔ قانونی ٹیم قانونی پہلووں سے متعلق لائحہ عمل دیکھے گی۔ حکومت گرانے کے حوالے سے سوال پر احسن اقبال نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ پیغام دیا تھا کہ ہم موجودہ پی ٹی آئی حکومت کو اتنا موقع ضرور دینا چاہتے تھے کہ ان کی اصلیت عوام کے سامنے آجائے۔ آج یہ اصلیت قوم کے سامنے کھل کر آچکی ہے۔ ہم چاہتے تھے کہ انہوں نے جو سبز خواب قوم کو دکھائے، ان کی حقیقت عوام خود اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں۔ آج قوم کو پتہ چل گیا کہ وہ سب جھوٹ، دھوکہ اور فریب تھا۔ ان کی حقیقت یہ ہے کہ یہ مرغی انڈہ معیشت سے شروع ہوئے تھے۔ پھر بکری معیشت، کٹا بھینس معیشت پر آگئے۔ اب بھنگ معیشت تازہ شاہکار ہے۔ اس سے اگلا منصوبہ دکھائی دیتا ہے کہ یہ پوست کی کاشت کریں گے۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے کہاکہ ’پوری قوم پھر ٹْن ہوجائے گی۔
لندن (عارف چودھری) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی وطن واپسی کے حوالے سے پارٹی کی جانب سے کیا جانے والا فیصلہ تسلیم کر لیا ہے۔ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں تمام رہنماؤں نے نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس کے دوران نواز شریف نے کہا کہ وطن واپس آنا چاہتا ہوں شہباز شریف نے کہا کہ ابھی وطن واپسی کا وقت نہیں ہے، جب وقت ہوگا تب آپ کو ویلکم کریں گے۔