ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا سروے کیا جائے : ذوالفقارعلی
جام پور(نمائندہ خصوصی،خبر نگار)ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقارعلی نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں ٹڈی دل کا حملہ ہوا تھا ان علاقوں کا سروے کرکے ٹڈی دل کے انڈوں کو تلف کیا جائے۔ انڈوں کی تلفی کے لئے تحصیل جام پور میں ٹھل سیرت اور تحصیل روجھان کے قبائلی علاقوں کا خصوصی طور پر سروے کیا جائے۔محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو ٹڈی دل کے بارے میں بھرپور آگاہی فراہم کریں اور معلوماتی پمفلٹ تقسیم کیے جائیں۔ ٹڈی دل کنٹرول کمیٹی کو متحرک کیا جائے اور سپرے مشینری کو ورکنگ پوزیشن میں ہونا چاہئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن راحت حسین راشد، زراعت آفیسر ظفراللہ عارف، پرسنل سٹاف آفیسر عبد الرحمان،ڈاکٹر زکریا اورفلک شیر موجود تھے۔