پاکستان آذربائیجان کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، صادق سنجرانی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے آذربائیجان کی سپیکر سے پارلیمنٹ ہائوس سے آن لائن گفتگو کے دوران کیا ۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک غربت، انسانی حقوق کی بہتر فراہمی، مساوات، دہشت گردی، انتہا پسندی اور موسمی تغیرات جیسے چیلنجز کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے بہتری لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) اور ایشین پارلیمانی اسمبلی (اے پی اے)کے ممبر ممالک ہیں اور دونوں ممالک کی پارلیمان ان کثیر الجہتی فورمز سے بھرپور استفادہ کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا ہمیں اپنے ممالک اور عوام کی ترقی اور بہتر مستقبل کیلئے ان فورمز سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سپیکر آذربئیجان نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے بین الپارلیمانی یونین کے صدارتی انتخاب میں بھر پور حمایت کی یقین دہانی کرائی اور چیئرمین سینیٹ کو آذربئیجان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔