اصحاب رسول ؓ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ عشق رسول ؐ میں ڈُوبا ہوا تھا
راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) محمدی مسجد لالکڑتی میں اصحاب رسول ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالرعلامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہاہے کہ اصحاب رسول ؓ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ عشق رسول ؐ میں ڈُوبا ہوا تھا ۔ سرکار مدینہ ؐکے دوستوں کی توہین کرنے والا قابل عزت نہیں ہوتا ۔ اصحاب رسولؐ نبی پاکؐ کی نبوت کے چشم دید گواہ سچے جانثار ہیں۔ جنہیں خدا تعالی نے دنیا میں ہی جنت کا سرٹیفیکٹ عطا کر دیا ۔ گستاخ صحابہؓ جتنا مرضی زور لگا لیں، خدا تعالی ان کے کہنے سے صحابہ کو جنت سے نہیں نکالے گا ۔گستاخ صحابہ کی گستاخیاں شیئر کرنے والے برابر کے مجرم ہیں ۔ گستاخ صحابہ کو پکڑنا قانون کا ، انہیں بلاک کرنا عوام کا کام ہے ۔اصحاب رسول ؐ کی شان میں گستاخی تو بہت دور کی بات ہے ، مسلمان تو اس قابل بھی نہیں ، کہ ان کی شان بیان کر سکیں ۔
اصحاب رسول ؐزمین پر بصیرت کے منارے ہیں ۔جنہوں نے نبی پاک ؐکی 63 سالہ زندگی کا ایک ایک لمحہ اپنے دامن میں محفوظ کررکھا تھا۔آج ہمارے دامن میں جو تھوڑا بہت ایمان ہے ، وہ انہی صحابہؓکی مرہون منت ہے ۔ اصحاب رسول ؓ خوش قسمت تھے،جنہیں ہر وقت چہرہ رسول ؐ کی زیارت نصیب ہوتی تھی۔ ابوبکر صدیق ؓ کی صداقت ، فاروق اعظم ؓ کی عدالت ، عثمان غنی ؓ کی شرافت ؓ ، مولا علی ؓ کی شجاعت ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔نصاب تعلیم میں اصحاب رسول ؐ کے جراتمندانہ کردارکو اجاگر کیا جائے ۔اظہار بخاری نے کہاکہ امت مسلمہ وہ جراتمندانہ کردار اپنائے جو اصحاب رسول ؐ نے اپنا رکھا تھا ۔ جب اصحاب رسول ؐ فرماتے کہ یارسول ، جو آپ کا نہیں ، وہ ہمارا بھی نہیں ۔ پیغام مصطفی ؐکی تعلیمات سے انسانی زندگی اور سوچ و فکرمیں جو انقلاب برپا ہوا ۔اس کی نظیر دنیا میں نہیں ملتی ۔آپ ؐ کی حیات طیبہ کا ایک ایک لمحہ اُمت مسلمہ کیلیے مشعل راہ ہے ۔ اپنی زندگیوں کو اُسوہ حسنہ ؐ میں ڈھال کر معاشرے کی تطہیر کرنا ہوگی ۔ اصحاب رسولؐ ساری زندگی اطاعت رسول ؐمیں ہی کامیابی تلاش کرتے رہے ۔ انسانوں کے مسائل کا حل خدا تعالی نے سیرت مصطفی ؐ میں رکھا ، اور سیرت مصطفی ؐ کا راستہ اصحاب رسول ؐ نے مشعل راہ بنایا